
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔
پیٹرولیم ڈویژن نے 7 اگست کیلئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 19 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 329 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 50 پیسےکی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 382 روپے 36 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
مٹی کا تیل بھی 2 روپے 36 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 291 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اوگرا اعداد و شمار کے مطابق ڈیزل پر لیوی میں 1 روپے 21 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، ڈیزل پر لیوی کی نئی شرح 73 روپے 47 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ پیٹرول پر لیوی 80 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا تھا جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کی کمی کی گئی تھی۔
