
اسلام آباد (5 اکتوبر 2026): وفاقی حکومت نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق معاملے پر جماعت اسلامی سے مزید مہلت مانگ لی ہے۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملاقات کی، اس موقع پر حکومت نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق معاملے پر جماعت اسلامی سے مزید مہلت مانگ لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کا معاملہ حل ہونے تک مہلت مانگی، اور ساتھ ہی یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ معاملات حل کرنے کے لیے پیش رفت کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے جماعت اسلامی سے درخواست کی ہے کہ اس کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کا مسئلہ حل کرنے کیلیے کچھ وقت دیا جائے، جب کہ وزیر اعظم سے امیر جماعت اسلامی کی ایک اور ملاقات کا بھی امکان ہے۔
ملاقات میں جماعت اسلامی نے حکومت پر واضح کر دیا کہ مزید وقت ضائع کرنے کی گنجائش نہیں ہے۔ حکومت اپنے وعدوں پر عملی پیش رفت کا مظاہرہ کرے۔
جماعت اسلامی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ صرف یقین دہانیوں سے معاملہ آگے نہیں بڑھے گا بلکہ عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ جماعت اسلامی 7 اکتوبر کو غزہ مارچ کے دوران آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
