
کراچی(کرائم رپورٹر)حج و عمرہ زائرین کی ویکسین مہنگے داموں خریدنے کا الزام، بارڈر ہیلتھ سروسز کے سربراہ سمیت 3 افسران کوگرفتارکرلیاگیا‘وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کراچی نے ملزمان کو اسلام آباد منتقل کردیا‘ وزیراعظم نے معاملے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کردی‘ تفصیلات کے مطابق حج و عمرہ زائرین کے لیے ویکسین کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بارڈر ہیلتھ سروسز کے سربراہ ڈاکٹر عابد شاہ سمیت تین افسران کو گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے نوٹس پر ایف آئی اے اسلام آباد کی جانب سے کی گئی کارروائی کے دوران سابق سربراہ بارڈر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر غلام مصطفی اور ڈاکٹر پردیت کمار کو بھی گرفتار کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ملزمان پر الزام ہے کہ حج و عمرہ زائرین کے لیے سستی ویکسین مہنگے داموں خریدی گئی۔ گرفتار افسران کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ویکسین کی خریداری کے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
