
کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور ضلع ویسٹ پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر سرجانی میں بین الصوبائی انسانی اسمگلروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا ہے، جس میں 5 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالعزیز بروہی، محمد بخش دشتی، علی حسن بروہی، ندیم بروہی اور جمیل بروہی کے نام سے ہوئی جو غیر قانونی افغانی باشندوں یار محمد اور رسول خان کو کراچی منتقل کر رہے تھے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق بین الصوبائی گروہ سے ہے جو غیر قانونی افغان باشندوں کو حب سٹی اور بعد ازاں کراچی کے مختلف علاقوں میں پہنچانے کے لیے بھاری رقوم لینے اور غیر قانونی نقل وحمل میں ملوث ہیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ و منشیات کے علاوہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی سوزکی لوڈر گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے، ملزمان غیر قانونی اسمگلنگ کے ساتھ ساتھ اسلحہ و منشیات کے کاروبار میں بھی ملوث ہیں۔

رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان افغان باشندوں کو حب میں واقع مختلف ہوٹلوں اور گھروں میں عارضی رہائش فراہم کرتے تھے، غیر قانونی باشندوں کو منتقلی کے دوران گائیڈز کا استعمال کیا جاتا تھا، اور سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کے لیے منگھوپیر، بند مراد، سرجانی اور نادرن بائی پاس اور ملحقہ کچے راستوں کا استعمال کرتے تھے۔
ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک فیملی کے عوض تقریباً 2 لاکھ روپے تک رقم وصول کرتے تھے۔ ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کی کراچی منتقلی کے لیے چھوٹی گاڑیوں کے علاوہ موٹر سائیکلوں کا استعمال بھی کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ملزمان نے تقریبا 230 غیر قانونی افغان باشندوں کو کراچی کے مختلف علاقوں میں منتقل کیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
