
اسلام آباد (12 ستمبر 2026): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر ہم ان ظالموں کئے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے تو حالات نہیں بدلیں گے، حکمرانوں نے سب تباہ کر دیا لیکن اپنے خرچے کم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
اسلام آباد میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف خواتین کے مظاہرے سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے عوام کیلیے جینا دوبھر کر دیا ہے، اشرافیہ نے پورے ملک کے نظام پر قبضہ کر رکھا ہے، ہر چیز پر ٹیکس لیا جاتا ہے لیکن اشرافیہ کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے، غریب کیلیے دو وقت کی روٹی بہت مشکل ہوگئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھتہ ختم کیا جائے یہ حکومت کا جگاڑ ٹیکس ہے، یہ قوم کو بے وقوف بنانے کیلیے چند پروجیکٹس دکھاتے ہیں، پنجاب میں نویں کلاس کے امتحان میں 52 فیصد طلبہ فیل ہوئے کیونکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 11 ہزار سرکاری اسکول بیچ دیے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ مریم نواز نے 11 ارب روپے کا جہاز لیا، انہوں نے اپنے والد صاحب کے اکاؤنٹ سے نہیں بلکہ عوام کے ٹیکس کے پیسے سے جہاز خریدا، آصف علی زرداری اور مریم نواز کے بیرون ملک دوروں پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے، حکمران یہ بتائیں کہ ان کے بیرونی دوروں کے اخراجات کہاں سے کیے؟ قوم سے ہر چیز پر ٹیکس لیے جا رہے ہیں، عام آدمی کو نچوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف 20 ستمبر کو اسلام آباد میں تاریخی مارچ کریں گے، مائیں اور بہنیں دعاؤں کے ساتھ مردوں کو مارچ کیلیے رخصت کریں، ہم آگے بڑھیں گے اور حکومت کو فیصلے واپس لینے پر مجبور کریں گے، ہم اسلام آباد آ رہے ہیں انہیں ہمارا حق دینا ہوگا، آپ کنٹینر لگاتے رہیں ہم پرامن رہیں گے، جمہوری حق سے روکا تو ہم چاروں طرف سے آئیں گے۔
