
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کے سینئر ایسوسی ایٹ پروفیسرز نے ڈاکٹر نگہت شاہ کی دوبارہ تقرری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ و دیگر کو خط لکھ دیا۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کئی متاثرہ پروفیسرز نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر صحت سندھ، وفاقی محتسب اعلیٰ کو خط ارسال کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ پی ایم ڈی سی کے19 مئی کے نوٹیفکیشن کے دوسرے پیرا کو نظر انداز کردیا گیا ہے، ترقیوں کے منتظر6 ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی ترقیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہےکہ پی ایم ڈی سی کی واضح ہدایت کے برخلاف مدت ملازمت میں توسیع کی گئی۔
اس حوالے سے ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے جاری بیان میں کہا ہےکہ ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تعیناتی کنٹریکٹ کی بنیاد پرکی گئی ہے۔ ڈاکٹر نگہت شاہ کی کنٹریکٹ پر تعیناتی سے ادارے میں خدمات انجام دینے والے دیگر افسران کی سینیارٹی متاثر نہیں ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ڈاکٹر نگہت شاہ کی کنٹریکٹ پر تعیناتی کا موجودہ افسران کی سینیارٹی اور پروموشن سےکوئی تعلق نہیں ہے۔
