تھرپارکر میں خشک سالی کی شدت، لوگ مال مویشیوں سمیت نقل مکانی پر مجبور

مٹھی(20 اکتوبر 2026): صحرائے تھر میں مون سون کی کم اور بے وقت بارشوں کے باعث خشک سالی کی صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں تھر باسی اپنے مال مویشیوں سمیت سندھ کے بیراجی علاقوں کی جانب نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس سال بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں بلکہ مویشیوں کے لیے قدرتی چارہ بھی بالکل ختم ہو چکا ہے۔

متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ وہ تین ماہ قبل اچھی بارشوں کی امید پر بیراجی علاقوں سے اپنے گھروں کو واپس لوٹے تھے، مگر اب بارشیں نہ ہونے کے باعث انہیں بچوں کے لیے خوراک اور مویشیوں کے لیے چارے کی قلت کا سامنا ہے، اور گھر بار چھوڑنا ان کی مجبوری بن چکا ہے۔

سرکاری رپورٹس کے مطابق رواں سال تھرپارکر میں سب سے زیادہ 280 ملی میٹر بارش چھاچھرو جبکہ سب سے کم 180 ملی میٹر بارش ڈاہلی میں ریکارڈ کی گئی، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً پچاس فیصد کم ہے۔ ضلع بھر میں اس وقت 80 لاکھ سے زائد مویشی موجود ہیں جن کے لیے چارے کی کمی تشویشناک صورت اختیار کرتی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ خشک سالی، غربت اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث بچوں کی اموات اور خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات بھی مقامی آبادی کے لیے عذاب بنے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے منتخب نمائندوں اور سماجی حلقوں نے حکومت سے کڑے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تھر کو آفت زدہ قرار دینے کے لیے کابینہ سے نوٹیفکیشن جاری کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دریں اثنا، ایم پی اے قاسم سراج سومرو، فقیر شیر محمد بلالانی اور چیئرمین ضلع کونسل تھرپارکر غلام حیدر سمیجو نے بھی فوری امدادی کارروائیوں اور مویشیوں کی ہلاکتیں روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ سینیٹر پونجو مل بھیل نے تھر کول کی رائلٹی کو علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے پر زور دیا ہے۔

تھر کے مکین اب صرف حکومتی یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات کے منتظر ہیں، اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ متاثرہ علاقوں کا فوری سروے کرا کر راشن، صاف پانی اور مویشیوں کے لیے چارے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*