
اسلام آباد : ترکیہ سے غیر قانونی سرحد عبور کرنے پر ڈیپورٹ ہونے والے 10 پاکستانی شہریوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش پر ڈیپورٹ کیے گئے 10 پاکستانی شہریوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچتے ہی ایف آئی اے امیگریشن نے حراست میں لے لیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ان مسافروں نے بیرونِ ملک سفر کے لیے انسانی اسمگلروں اور ایجنٹوں کو فی کس 2 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک کی بھاری رقم ادا کی تھی، تمام مسافروں نے ایجنٹوں کے ذریعے غیر قانونی اور خطرناک راستوں سے ترکیہ کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کی تھی، جہاں ترکیہ پولیس نے انہیں حراست میں لے کر پاکستان ڈیپورٹ کر دیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق نامزد ایجنٹوں اور انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔
