
کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی بازگشت جمعہ کو ہونے والے سٹی کونسل کے اجلاس کے بعد دم توڑ گئی۔ اپوزیشن جماعتیں اجلاس میں میئر کراچی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے میں ناکام رہیں، جس کے بعد تحریک کے ذریعے میئر کو ہٹانے کی تمام قیاس آرائیاں بھی ختم ہوگئیں۔
سٹی کونسل کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی جانب سے احتجاج اور شور شرابہ کیا گیا، تاہم تحریک عدم اعتماد پیش نہ ہوسکی۔ اجلاس کے دوران سٹی کونسل کے ارکان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی شہر میں ترقیاتی اور شہری منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور اراکین کی اکثریت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اپوزیشن ارکان احتجاج اور شور شرابے کے بعد اجلاس سے واپس چلے گئے، جبکہ میئر کراچی کے خلاف عدم اعتماد کی کوشش عملی شکل اختیار نہ کرسکی۔
