
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر میں بھتہ خوری کسی صورت ناقابل برداشت ہے‘ صمد کاٹھیا واڑی ہو یا کوئی بھی ہراساں کرے گا تو تحفظ ہمارا حق ہے حنیف گوہر نے کراچی میں سیکورٹی صورتحال پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا‘ پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان داغ دیا ہے۔ آباد کے چیئرمین حنیف گوہر نے بھتہ خوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک کے بعد ایک زیر تعمیر عمارت پر فائرنگ اور انسانی جانوں کے نقصان پر چیئرمین آباد حنیف گوہر نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ملیر میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی ہے۔ ترجمان ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈولپرز آف پاکستان (آباد) فلک الماس کے مطابق حنیف گوہر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے فوری نوٹس لینے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے آباد کے اعلامیہ میں کہاگیا کہ ملیر 15 میں سیکیورٹی گارڈ کے قتل کا واقعہ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ملیر 15 میمن شاپنگ مال پر ڈیوٹی پر مامور سیکیورٹی گارڈ پر بھتہ خوروں نے فائرنگ کی، خوروں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ہوا، حنیف گوہر نے کہاکہ کراچی میں بھتہ خوری کی وارداتیں پھر دوبارہ سر اٹھارہی ہیں جو ناقابل برداشت ہیں، بلڈرز کو صمد کاٹھیاواڑی اور دیگر گینگ وار سے تعلق رکھنے والے بھتے کیلئے حراساں کرتے ہیں، سندھ حکومت بلڈرز سمیت تمام تاجر برادری کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرے، حنیف گوہر نے مزید کہاکہ بلڈرز کراچی میں پرامن انداز میں کام کرنا چاہتے ہیں، خوف کا ماحول پیدا نہ کیا جائے، شہر کراچی میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل امن و تحفظ ضروری ہے، حنیف گوہر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی سندھ گزشتہ ہونے والے واقعے کا نوٹس لیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھتہ خوروں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کریں، سندھ حکومت کاروباری مراکز اور تعمیراتی مقامات پر سیکیورٹی یقینی بنائے، مقتول سیکیورٹی گارڈ کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
