آگ نے تین منزلہ لکڑی سے بنے ریزورٹ کو انتہائی تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے لیا

بنگلادیش کے مشہور سیاحتی علاقے کاکس بازار میں انانی بیچ کے قریب ایک ریزورٹ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں بچوں سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
حادثہ ہفتے کی صبح Tuptup Resto and Resort میں پیش آیا۔ فائر سروس حکام کے مطابق آگ نے تین منزلہ لکڑی سے بنے ریزورٹ کو انتہائی تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے دو فائر بریگیڈ یونٹس کی مدد سے آگ پر قابو پایا، جبکہ بنگلادیش بارڈر گارڈ کے اہلکاروں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں، جبکہ بعض لاشیں بری طرح جھلس گئی ہیں اور ان کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کیے جانے کا امکان ہے۔
مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں تھی، تاہم مقامی ذرائع نے کچن کے چولہے یا بجلی کے شارٹ سرکٹ کو ممکنہ وجہ قرار دیا ہے۔
فائر سروس کے مطابق ریزورٹ کے پاس مطلوبہ فائر سیفٹی لائسنس اور سرٹیفکیٹ بھی موجود نہیں تھا اور اسے پہلے فائر سیفٹی خطرے کے حوالے سے تنبیہ کی گئی تھی۔
حادثے کے وقت ریزورٹ میں تقریباً 30 افراد موجود ہونے کی اطلاعات ہیں، جن میں بیشتر سیاح تھے۔ واقعے نے بنگلادیش کے سیاحتی مقامات پر فائر سیفٹی انتظامات اور حفاظتی قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
