
کراچی (انٹرویو: طارق اسلم) پاکستان کے ممتاز کاروباری شخصیت اور تعمیراتی صنعت و تجارت کے شعبے میںعرصہ دراز سے اپنی خدمات سرانجام دینے والے محمد حنیف گوہر کوایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان (آباد) کا سال 2026/28 کےلئے چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔نو منتخب چیئرمین آباد حنیف گوہر یکم اکتوبرجمعرات کو اپنے عہدہ کا چارج سنبھالیں گے۔ قومی اخبار میڈیا گروپ کے نمائندہ خصوصی کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں محمد حنیف گوہر نے کہا کہ بلڈرز کے مسائل سے باخوبی واقف ہوں،بھتے کی پرچی سمیت بلڈرز کو جو بھی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا ہے اس کا حل اولین ترحیح ہوگی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جس طرح ملکی کے دفاع سمیت عالمی سطح پر سفارتی سمیت دیگر امور میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے،اس کی گائیڈ لائن سے کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا مشن اپنے ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر مکمل کیا جائے گا۔ہم نے بھاگنے والے ہیں، نہ ڈرنے والے ہیں،ہرمافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین آباد کی جو مجھے ذمہ داریاں دی گئیں ہیں ،اس پر پورا اترنے کی بھرپو ر کوشش کرونگا ،میری موجودہ سندھ حکومت سے خصوصی درخواست ہوگی کہ زمین کے ریکارڈ کو جدید کمپیوٹرائزڈ نظام سے منسلک کیا جائے ،ریگولیٹری اتھارٹیز میں سنگل ونڈو آپریشنز اور ڈیجیٹائزڈ ٹریکنگ سسٹم کا نفاذ، بدعنوانی کو کم کر سکتا ہے۔ انفراسٹرکچر، سڑکوں، پانی کی تقسیم کے نیٹ ورکس، اور سیوریج لائنوں کو ٹھیک کرنے کے لیے صوبائی اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے مربوط سرمایہ کاری تجارتی تعمیرات کے لیے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ بلڈرز کو جو بھتہ مافیا کی پرچی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے، اس کے حل کے لئے ریاستی اداروں ،حکومتی سطح ہر طرح کی خط وکتابت کا سلسلہ پہلے بھی جاری ہے، اس کو باقاعدگی سے جاری رکھیں گے۔ایک سوال کے جواب میں حنیف گوہر نے کہا کہ حکومت کی جو زمین قابل استعمال نہیں ہے، یا خالی ہیں،، گورئنمنٹ اس زمین کا آکشن کرکے ہمیں دے، تاکہ ہم اس پر غریب اور کم آمدنی والے افراد کو ان کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرسکیں۔جب حکومت ہمیں ریلیف فراہم کرے گی ،تب ہی ہم ہر آدمی کو اپنے گھر کی خواب کویقین میں بدلنے کے قابل ہونگے۔حنیف گوہر نے کہا کہ پیٹرول منصوعات مہنگے ہونے اور ہر شعبے میں لیوی میں کمی کے لئے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے درخواست کریں گے کہ اس میں کمی کی جائے تاکہ تعمیراتی شعبوں کواضافی اخراجات سے چھٹکارا مل سکے۔حنیف گوہر اس پہلے بھی آباد کے چیئرمین کا عہدہ بھی سنبھال چکے ہیں، اور ‘ایف پی سی سی آئی’ (FPCCI) پاکستان کے سینئر نائب صدر بھی منتخب ہو چکے ہیں۔گوہر گروپ آف کمپنیز’ کے چیئرمین محمد حنیف گوہر اپنے شاندار پورٹ فولیو اور متعدد کامیاب منصوبوں کے ذریعے پاکستان کی تعمیراتی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ وہ ایک باوقار کاروباری شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پائیدار اور بہترین رہائشی و کاروباری مقامات (life spaces) کی تعمیر کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔
