
اسلام آباد (28 اپریل 2026): صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کے حملے کا نشانہ بنانے والے جہاز ’آنر 25‘ کے یرغمال بنائے گئے پاکستانی عملے کی بحفاظت بازیابی کیلیے کوششیں تیز کر دی گئیں۔
صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کی جانب سے آئل ٹینکر پر حملے کے بعد صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے جبکہ جہاز ’آنر 25‘ پر سوار پاکستانی عملے کی بحفاظت بازیابی کیلیے سفارتی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس حوالے سے صومالیہ کے سفیر کو خط لکھ کر پاکستانی عملے کی محفوظ واپسی کیلیے فوری مدد کی درخواست کی ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستانی بحری عملے کی سلامتی پر گہری تشویش ہے اور حکومت ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ادھر، صومالیہ کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور جہاز و عملے سے متعلق معلومات قومی سلامتی اداروں کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہیں۔
صومالی حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جہاز اور عملے سے متعلق ہر نئی پیشرفت سے پاکستان کو فوری آگاہ کیا جائے گا۔
