نماز جنازہ میں اعلیٰ سیکیورٹی حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

باجوڑ کے علاقے کٹ کوٹ میں افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید 3افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران نے متاثرہ گھروں کا دورہ کیا اور لواحقین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ باجوڑ کے مکینوں نے افغان طالبان کی بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ۔
باجوڑ کے شہریوں نے بلا اشتعال جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے، صوبائی حکومت کے نمائندوں اور وزیر اعلیٰ کی توجہ صوبائی مسائل کی بجائے صرف اڈیالہ جیل کی طرف ہے۔
شہری نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صرف اعلانات کیے جبکہ کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ حسنِ سلوک کیا مگر افسوس کہ آج وہی پاکستانی عوام پر گولہ باری کر رہے ہیں۔
شہری نے کہا کہ ہم نے افغان بھائیوں کو اپنے دلوں میں جگہ دی تھی، لیکن موجودہ رویے کے بعد ان سے اچھائی کی توقع رکھنا مشکل ہے، طالبان رجیم آئے روز عوامی مقامات پر گولہ باری کر کے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہی ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز باجوڑ میں افغان طالبان کی کھلی جارحیت کے نتیجے میں بچوں سمیت تین شہری شہید ہوئے تھے۔
