ایک ہفتے سے لاپتا 52 سالہ ریحان کی لاش چیپل گارڈن کی ایک فلیٹ سے برآمد ہو گئی

کراچی (19 اپریل 2026): پولیس کا کہنا ہے کہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع رہائشی عمارت چیپل گارڈن کے ایک فلیٹ سے لاش ملی ہے، مقتول کی شناخت 52 سالہ ریحان احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

تھانہ جوہر آباد سینٹرل کراچی کے مطابق لاش کو پہلے سے گرفتار ملزم سید فیصل اکرم کی نشان دہی پر برآمد کیا گیا ہے، مقتول ریحان 11 اپریل سے لاپتا تھا، ایف آئی آر کے مطابق مقتول ایف بی ایریا میں واقع گھر سے مغرب کے وقت اپنی گاڑی میں آفس کے لیے نکلے تھے اور پھر نہیں لوٹے۔

جوہر آباد پولیس نے تمام واقعاتی شواہد جمع کر لیے ہیں اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ریحان کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا ہے، انوسٹیگیشن پولیس نے اس کیس میں ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے، جس کی نشان دہی پر ریحان کی لاش برآمد کی گئی۔

جس اپارٹمنٹ سے ریحان کی لاش ملی ہے وہ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے ملزم مجیب کا ہے، آپریشن اور انوسٹیگیشن پولیس مل کر کیس پر کام کر رہی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ لگتا ہے ریحان کو کسی دوسری جگہ قتل کیا گیا اور لاش عمارت کے فلیٹ میں چھپا دی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق مرنے والے کی لاش کئی روز پرانی ہے، کرائم سین یونٹ شواہد جمع کر رہی ہے۔ مقتول ریحان واٹر پمپ فیڈرل بی ایریا کے رہائشی تھے، لیبارٹری مشینری اور سپلائی کا کام کرتے تھے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*