
کراچی(کرائم رپورٹر)اینٹی کرپشن کا ایس بی سی اے دفتر پر چھاپہ، غیر قانونی تعمیرات کا ریکارڈ تحویل میں لے لیاتفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن سندھ (ایسٹ زون) نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے دفتر پر سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے گلستانِ جوہر اور گلشنِ اقبال میں جاری مبینہ غیر قانونی تعمیرات کا ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر یونس رند، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مجتبیٰ عباسی اور انسپکٹر عبدالنبی بھویو کی سربراہی میں اینٹی کرپشن ٹیم نے اچانک دفتر کا دورہ کیا۔ کارروائی کا مقصد ان شکایات کی تحقیقات کرنا تھا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مذکورہ علاقوں میں بغیر منظور شدہ نقشوں کے تعمیرات جاری ہیں۔ٹیم نے موقع پر دستیاب ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا اور مشتبہ فائلوں کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ریکارڈ کی چھان بین مکمل ہونے کے بعد ان افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث یا سرپرستی کرتے ہوئے پائے گئے۔
