انٹربورڈ کراچی میں جدید ای مارکنگ کا آغاز! یومِ آزادی پر پروقار تقریب، صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے جدید لیب کا افتتاح کردیا

پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے, وزیر بورڈز و جامعات, اسمٰعیل راہو

پاکستان کی آزادی اور سلامتی ہماری مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی مرہون منت ہے،چئیرمین انٹربورڈ, فقیر محمد لاکھو

تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے, ڈاکٹر ثمرین حسین, وائس چانسلر داود انجینئرنگ یونیورسٹی

یومِ آزادی کے موقع پر جدید ای مارکنگ لیب کا افتتاح ایک خوش آئند اقدام ہے،طحٰہ سلیم, ڈپٹی کمشنر وسطی

سندھ کے تعلیمی بورڈز کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں, مشرف علی راجپوت

انٹربورڈ کراچی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ای مارکنگ لیب کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا گیا

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر انٹربورڈ کراچی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ای مارکنگ لیب کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیریونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ محمد اسماعیل راہو تھے۔تقریب میں وائس چانسلر داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین، چیئرمین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر مشرف علی راجپوت، ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ سینٹرل طحہٰ سلیم، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری اصغر گانگھرو اور سیکشن آفیسر داؤد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری انٹربورڈ کراچی محمد کاشف صدیقی، ناظم امتحانات زرینہ راشد سمیت بورڈ کے افسران و ملازمین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب کی نظامت کے فرائض ناظم امتحانات زرینہ راشد نے انجام دیے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ محمد اسماعیل راہو نے قومی پرچم لہرایا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ وزیریونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ محمد اسماعیل راہو نے اسٹیٹ آف دی آرٹ ای مارکنگ لیب کا افتتاح کیا اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں ای مارکنگ کے نظام، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، امتحانی پرچوں کی ڈیجیٹل مارکنگ اور امتحانی عمل کو شفاف و مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اپنے خطاب میں محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی دفاع، سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے رہی ہیں،پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کی ترجیحات میں تعلیم اور صحت کے شعبے سرفہرست ہیں۔ سندھ کے تعلیمی بورڈز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ڈیجیٹلائزیشن، ای مارکنگ اور آٹومیشن کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔ پہلی مرتبہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز نے جولائی میں میٹرک کے امتحانات کے نتائج جاری کیے، جبکہ امتحانی فارمز جمع کرانے سے لے کر سرٹیفکیٹس کے اجراء تک تمام مراحل کو مزید آسان، شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے چیئرمین فقیر محمد لاکھو اور انٹربورڈ کراچی کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ پاکستان کی آزادی اور سلامتی ہماری مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی مرہون منت ہے، پوری قوم وطن عزیز کے دفاع و استحکام کیلئے افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، انٹربورڈ کراچی میں ای مارکنگ لیب کا قیام امتحانی نظام میں شفافیت، تیزی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وائس چانسلر داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ای مارکنگ جیسے جدید نظام سے نہ صرف امتحانی عمل مزید مؤثر ہوگا بلکہ طلبہ کے نتائج میں شفافیت اور اعتماد بھی بڑھے گا۔ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ سینٹرل طحہٰ سلیم نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر جدید ای مارکنگ لیب کا افتتاح ایک خوش آئند اقدام ہے،تعلیمی نظام میں جدت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا فروغ ملک کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔چیئرمین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن پروفیسر مشرف علی راجپوت نے کہا کہ سندھ کے تعلیمی بورڈز کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ای مارکنگ اور آٹومیشن سے امتحانی نظام میں شفافیت، رفتار اور معیار مزید بہتر ہوگا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*