امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان مؤخر؛ واشنگٹن تہران کی ٹھوس پیشکش کا منتظر

واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے دورہ پاکستان موخر ہونے کی تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج طے شدہ مذاکرات کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔

امریکی میڈیا نے بتایا کہ یہ فیصلہ ایران کی جانب سے تاحال کوئی حتمی پیشکش یا جواب سامنے نہ آنے کے باعث کیا گیا ہے۔

امریکی ٹی وی ‘سی این این’ کے مطابق جے ڈی وینس کا دورہ اس لیے مؤخر کیا گیا ہے کیونکہ واشنگٹن اس وقت تہران کی جانب سے کسی ٹھوس پیشکش کا منتظر ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دورہ مکمل طور پر منسوخ نہیں ہوا بلکہ اسے کسی بھی وقت دوبارہ طے کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب ایران نے بھی اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کر رکھا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران نے مذاکرات کے لیے اپنا وفد اسلام آباد بھیجنے کا ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اسی صورت میں شرکت کا فیصلہ کرے گا جب اسے یقین ہوگا کہ مذاکرات کسی مثبت نتیجے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

سفارتی ماہرین کے مطابق پاکستان ان مذاکرات کی میزبانی کے لیے مکمل تیار ہے، تاہم امریکہ اور ایران کے درمیان ‘پہلے کون’ کی رسہ کشی نے فی الوقت اس اہم پیشرفت کو روک دیا ہے، اب تمام تر نظریں تہران کے اگلے اقدام پر لگی ہیں جس کے بعد جے ڈی وینس کے نئے شیڈول کا اعلان متوقع ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*