امریکی دھمکی ؛ شاہ محمود کی اپوزیشن کو ان کیمرہ اجلاس بلانے کی پیشکش

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کو امریکی دھمکی سے متعلق خط پر قومی اسمبلی کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کی پیشکش دی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انسان فانی ہے، موت برحق ہے، کل یہاں ہم نہیں ہوں گے، ہمیں آگے بڑھنا ہے تو اداروں کا احترام کرنا سیکھنا ہوگا۔ تاریخ ناٹک رچانے والوں کو بے نقاب کرے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بطور وزیرخارجہ شاید میرا آج آخری دن ہے، آج پاکستان تاریخ کے دوراہے پر کھڑا ہے۔ یوکرین کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات تھے اور ہیں، ہماری خواہش ہے کہ تمام تر معاملات بات چیت سے حل ہو، جنرل اسمبلی میں کھڑے ہوکر ہمارے مندوب نے ہمارا نکتہ نظر بیان کیا۔

اپوزیشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خودمختار ملک ہے ، آپ غلامی کا طوق قبول کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم نہیں چاہتے، ایسا کہاں ہوتا ہے کہ ایک خودمختار قوم کو کسی ملک کے دورے سے روکا جائے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا کہ اگر ایسا کوئی مراسلہ ہے تو پارلیمنٹ میں رکھا جائے، بلاول بھٹو زرداری نے اس مراسلے کو فرضی قرار دیا، مریم نواز نے الزام لگایا کہ یہ مسودہ دفتر خارجہ میں تیار کیا گیا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ مراسلہ مصدقہ تھا جو امریکا میں ہمارے سفارت خانے سے بھجوایا گیا۔ خط میں تھا کہ عدم اعتماد ناکام ہوا توپاکستان کو تنہا کردیا جائے گا۔ اگر اپوزیشن اب بھی اسے فرضی سمجھتے ہیں تو پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے۔ سفیر کو بھی بلالیں ، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 9 مارچ کو پاکستان میں بھارت کی جانب سے میزائل آکر گرتا ہے، بقول بھارت یہ میزائل حادثاتی طور پر پاکستان میں گرا ہے، اللہ کا شکر ہے بھارتی میزائل سے پاکستان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بھارت نے میزائل گرا کر نہایت خراب کھیل کھیلا ہے، پاکستان اور بھارت ایٹمی ممالک ہے، اگر کچھ ہوتا تو نتائج کیا ہوتے، اس معاملے پر میں نے اقوام متحدہ کو خط بھی لکھا ہے۔

اپوزیشن پر تنقیہد کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ لوگ پارلیمنٹ کی بالادستی کی باتیں کررہے ہیں، مجھے اس پر اتفاق ہے پارلیمنٹ کی بالادستی ہونی چاہیے، عمران خان کہتے ہیں کہ کیا قوم کو آزاد خارجہ پالیسی چاہیے یا ماضی کی طرح چیونٹیوں کی طرح رینگنا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*