افواج پاکستان اور پاک فضائیہ نے افغان طالبان رجیم کی عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا

آج صبح افغان طالبان رجیم کی جانب سے 8ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے ، افواج پاکستان کے فعال اور مستعد ائیر ڈیفنس سسٹم نے تمام ڈرونز گرا دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افواج پاکستان کے فعال اور مستعد ائیر ڈیفنس سسٹم نے تمام ڈرونز گرا دئیے افواج پاکستان اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے افغان طالبان رجیم کی عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کو پیشہ ورانہ طریقے سے ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 4ڈرونز طورخم بارڈ سے ملحقہ علاقوں اور 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل بارڈ کے پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے، یہ دراندازی افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گردوں کی براہ راست معاونت اور سرپرستی کا مزید ایک اور ثبوت ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ تمام ڈرونز پاک فضائیہ کے فعال دفاعی نظام نے برقت ڈیٹیکٹ کیے، پاک افغان بارڈر پر پاک فضائیہ کے زیرِ نگرانی تشخیصی اور دفاعی نظام ہمہ وقت تیار اور فعال ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرائے جانے والے ڈرونز اس بات کی مزید تصدیق کرتے ہیں کہ افواج پاکستان افغان طالبان رجیم کی ہر زمینی، ہوائی اور دہشت گردانہ دراندازی کو ناکام بنانے کا مکمل عزم اور صلاحیت رکھتی ہیں، تباہ شدہ ڈرونز کا ملبہ تحویل میں لیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی افغان طالبان رجیم کے زیر انتظام چلنے والے دشت گردانہ ٹھکانوں کی کامیاب تباہی کے بعد کل رات سے پاک افغان بارڈر کے کرم سیکٹر میں اشتعال انگیز فائرنگ اور آج کا ڈرون حملہ افغان طالبان کی شدید بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے
یاد رہے کہ کل رات افواج پاکستان نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان رجیم کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں تباہ بھی کیا تھا جب کہ افواج پاکستان ہمہ وقت پاکستان اور عوام کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔
