
کراچی: شہریوں کو سائبر کرائمز سے محفوظ رکھنے، آن لائن جرائم کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے اور محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے فروغ کے لیے جامعہ کراچی میں ایک ’سائبر آگہی واک‘ کا انعقاد کیا گیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کراچی زون کے زیر اہتمام سائبر آگہی واک کا انعقاد جامعہ کراچی میں کیا گیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
این سی سی آئی اے کے اشتراک سے سائبر آگاہی واک کراچی یونیورسٹی کے جوبلی گیٹ سے آزادی چوک تک نکالی گئی، ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز اور ڈپٹی ڈائریکٹر سرکل انچارج کراچی ارسلان منظور نے شرکا سے خطاب کیا۔


ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کے اس دور میں جب کہ جان بچانے والی ادویات تک آن لائن فروخت ہو رہی ہیں، انٹرنیٹ کے صحیح استعمال کے لیے نوجوان نسل کو آگہی دینا بے حد ضروری ہے۔
طارق نواز نے کہا کہ ملک میں اس وقت شرح کے لحاظ سے سائبر کرائم سر فہرست ہیں، اس لیے شہریوں کو سائبر کرائم کے قوانین سے آگہی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی عوامی آگاہی کے ذریعے سائبر جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے ڈیجیٹل تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
’سائبر اویرنس واک‘ کے تحت این سی سی آئی اے نے مختلف سلوگنز کے تحت شہریوں کو آن لائن ڈیٹا اور شناخت محفوظ رکھ کر خود کو محفوظ رکھنے اور سائبر ابیوز کو ’نو‘ کہنے کی طرف راغب کیا۔
