
اسلام آباد : امریکا ایران مذاکرات کا دوسرا اور انتہائی اہم راؤنڈ کل بدھ کو اسلام آباد میں ہوگا ، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس منگل کے روز واشنگٹن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جنگی بادلوں کو چھٹانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں، امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا اور انتہائی اہم راؤنڈ کل بدھ کو اسلام آباد میں ہوگا۔
امریکی میڈیا ادارے سی این این نے بتایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ منگل کے روز واشنگٹن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے، اگرچہ وائٹ ہاؤس نے مذاکرات کے حتمی وقت کا اعلان نہیں کیا، تاہم وہ ایران کے ساتھ تعمیری بات چیت کے لیے پرامید ہیں۔
پاکستان نے مذاکرات کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کر دی ہیں ، اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے فوری مکاملے اور سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی سفیروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، انہوں نے تصدیق کی کہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں اور پاکستان اس مشن کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔
امریکی اور ایرانی سفیروں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھرپور تعریف کی ہے۔
عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کی جانب سے حالیہ دنوں میں کی جانے والی جارحانہ بیان بازی مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، تاہم اسلام آباد کو مذاکرات کے لیے چننا اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک تناؤ کم کرنے میں سنجیدہ ہیں۔
