آئی ایم ایف کے پاس جانا شوق نہیں، مجبوری ہے، شیخ رشید

وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف شوق سے نہیں جاتے، معیشت کو کھڑا کرنے کیلئے جایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آئی ایم ایف میں جانے پر چین کو کوئی اعتراض نہیں ، آئی ایم ایف میں جانا مجبوری ہے، جس روز ہماری معیشت مضبوط ہوگی اس روز آئی ایم ایف سے جان چھوٹےگی، جب چور، ڈاکو، لٹیرے قانون کے کٹہرے میں ہوں گے اس روز آئی ایم ایف سےجان چھوٹے گی۔

شیخ رشید نے ماں بچہ اسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فضل الرحمان کو سب سے زیادہ تحریک عدم اعتماد کا شوق ہے، فضل الرحمان آئیں اور شوق سے آئیں،لیکن ناکامی ہوگی۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ 3 فروری کو وزیراعظم چین کے دورے پر جا رہے ہیں، اپوزیشن کو خیال رکھنا چاہیے کہ چودہ، پندرہ افراد اندر سے عمران خان کےساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا فنانس بل سینیٹ سے منظور ہوجائےگا، اپوزیشن کو کہیں کامیابی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ ترقیاتی پروگراموں کو ہر 15 روز بعد خود دیکھوں، 20 فروری کے بعد تمام ترقیاتی منصوبوں پر جاؤں گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول 27 فروری کو آئیں اور دیگر بھی 23 مارچ کو آئیں کوئی فرق نہیں پڑتا، بلاول کہتے ہیں کہ آئیں گے اور موسم ابر آلود ہوگا، کوئی موسم ابر آلود نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اور صدارتی نظام کا مجھے نہیں پتا، نہ کابینہ میں ایسی کوئی بات ہوئی۔

شیخ رشید نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، بلوچستان میں 10 جوانوں نے جان کی قربانی دی ہے، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کی دہشتگردی کا مل کر مقابلہ کریں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*