
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں 7 فیصد اضافے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کرایوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 7 دنوں کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 26 روپے 88 پیسے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ اسی مدت میں پٹرول کی قیمت بھی فی لیٹر 20 روپے بڑھی ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز کے لیے پرانے کرایوں پر کاروبار چلانا ناممکن ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز بھی ڈیزل کی قیمت میں مزید 3 روپے 47 پیسے کا اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت بڑھ کر 424 روپے 92 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھائے جانے کے اس فیصلے کے بعد تجارتی سامان اور اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل مہنگی ہونے سے مارکیٹ میں روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کا شدید خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
