گورنر سندھ اور چیئرمین کے پی ٹی کی ملاقات، بلو اکانومی کے فروغ اور کراچی پورٹ کی ترقی پر تبادلہ خیال

کراچی، 24 اپریل (رپورٹ عرفان فاروقی) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں بلو اکانومی کے فروغ، سمندری وسائل کے مؤثر استعمال اور میری ٹائم سیکٹر کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع، ساحلی وسائل کو بروئے کار لا کر معیشت کو مستحکم بنانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ سمندری وسائل کے پائیدار استعمال سے قومی معیشت کو نمایاں تقویت دی جا سکتی ہے، جبکہ بلو اکانومی کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے ماہی گیری، شپنگ اور بندرگاہی سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ کراچی پورٹ کو بلو اکانومی کے ایک اہم مرکز کے طور پر ترقی دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ گورنر سندھ نے ساحلی علاقوں کی ترقی اور مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ نے گورنر سندھ کو ادارے کے جاری اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے پورٹ کے اطراف ہیوی ٹریفک اور انفراسٹرکچر سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر بندرگاہی علاقوں میں ٹریفک مینجمنٹ اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پورٹ کو شہراہ بھٹو سے منسلک کرنے سے شہر میں ہیوی ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سمندری شعبے میں اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستان کے وسیع ساحلی وسائل کو بروئے کار لا کر برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*