
کراچی : محکمہ موسمیات نے گرمی سے بے حال کراچی والوں کو بڑی خوشخبری سنادی اور کہا آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں واضح کمی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری گرمی کی شدید لہر کے بعد اب موسم کے مزاج بدلنے لگے ہیں، محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں واضح کمی اور سمندری ہواؤں کی بحالی کی نوید سنا دی۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر نے بتایا کہ 12 اپریل کو کراچی میں پارہ 39.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا، جس نے شہریوں کو شدید بے حال کیا۔ تاہم، اب شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں۔
اگلے 8 سے 10 روز تک شدید گرمی کا کوئی امکان نہیں ہے اور شہر کا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 16 اپریل کو درجہ حرارت میں مزید 1 سے 2 ڈگری کمی آسکتی ہے، جبکہ بادلوں کی موجودگی کے باعث تپش کم محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16 اپریل سے ملک میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہو رہا ہے۔
اس سسٹم کے تحت شمالی علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بعض علاقوں میں بھی موسم میں ہلکی تبدیلیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔
