
راولپنڈی : پاک فوج کا مشاق ٹریننگ طیارہ دورانِ پرواز گرکر تباہ ہوگیا ، حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور اسٹوڈنٹ پائلٹ کیپٹن عبد الصمد شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کا مشاق ٹریننگ طیارہ دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود انسٹرکٹر پائلٹ اور اسٹوڈنٹ پائلٹ جامِ شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ حادثہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب پرواز کے دوران اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے نتیجے میں پیش آیا۔
حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور اسٹوڈنٹ پائلٹ کیپٹن عبد الصمد شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے جاں نثار بیٹوں کی شہادت پر عسکری و سیاسی قیادت سمیت پوری قوم نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قوم نے مادرِ وطن کے دفاع اور تدریسی و تربیتی مراحل کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والے ان بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ تحسین اور سلام پیش کیا ہے۔
