
کوئٹہ : غبرگ میں پولیس چوکی پر حملے کے نتیجے میں جوابی کارروائی میں 5 مبینہ حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے اغبرگ میں مسلح افراد نے پولیس چوکی پر اچانک حملہ کر دیا، جس پر پولیس نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 مبینہ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد نے رات کی تاریکی میں چوکی کو نشانہ بنایا، جس کے بعد پولیس اہلکاروں کی جانب سے فوری ردِعمل دیا گیا اور دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں تاحال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور تمام اہم راستوں کو بلاک کر کے سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد اضافی نفری طلب کر کے علاقے میں بڑا سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ حملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
اس سے قبل بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی آپریشن شعبان 2 کے تحت دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں جس دوران سران تنگی میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ۔
گزشتہ روز فورسز نے خفیہ اطلاعات پرفتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن کیا، دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدارمیں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ 9 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
