کراچی میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کی کے الیکٹرک حکام سے ملاقات؛ غریب علاقوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے کمیٹی تشکیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)
کراچی میں بڑھتی ہوئی گرمی اور طویل لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے شہریار چشتی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کے الیکٹرک کے سی ای او سید طحہٰ، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری توانائی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کا غریب طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے اور طویل لوڈشیڈنگ ان کی زندگی کو مزید دشوار بنا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خاص طور پر غریب علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں فوری کمی لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ایسا حل تلاش کیا جائے جس سے ان علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو۔اس موقع پر شہریار چشتی نے یقین دہانی کرائی کہ کے الیکٹرک سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سستی بجلی کی پیداوار کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے تھر کے کوئلے سے سستی بجلی پیدا کرکے کے الیکٹرک کو فراہم کرنے کی تجویز دی اور ہدایت کی کہ اس سستی بجلی کو ترجیحی بنیادوں پر غریب علاقوں تک پہنچایا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے صنعتی علاقوں کو مناسب نرخوں پر بجلی فراہم کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے منصوبے پر بھی کام تیز کرنے کی ہدایت دی۔مزید برآں، وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام پر تفصیلی اسٹڈی کرنے کا حکم دیا اور محکمہ توانائی کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے مختلف تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت جاری کی۔اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں کمشنر کراچی، سیکریٹری توانائی اور کے الیکٹرک کے سی ای او شامل ہوں گے۔ کمیٹی شہر کے غریب علاقوں کو سستی اور بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لیے جامع تجاویز پیش کرے گی۔، یہ اقدامات کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے اور بجلی کے نظام میں بہتری لانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*