
کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں 2 ارب روپے کی لاگت سے انفراسٹرکچر کی بہتری کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔منصوبے کے تحت صنعتی علاقے میں سڑکوں کی بحالی، ڈرینیج سسٹم کی بہتری اور دیگر بنیادی ترقیاتی کام کیے جائیں گے، جن کا مقصد صنعتی علاقے کے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت نے تاجر برادری کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج فراہم کیا ہے، جس پر عملی کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے اور کام کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کے لیے تمام فنڈز سائٹ ایسوسی ایشن کے ڈسپوزل پر دے دیے گئے ہیں۔ وسائل کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری تھی جو پوری کردی گئی، اب منصوبوں کا بروقت آغاز اور مقررہ مدت میں تکمیل سائٹ ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور تاجروں و صنعتکاروں کو بہتر بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔ تاجر برادری شہر اور ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اس لیے انہیں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت تاجروں اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔تقریب سے قبل سائٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے میئر کراچی کو ترقیاتی منصوبوں، مجوزہ کاموں اور ان پر عملدرآمد کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی۔تقریب میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، معروف تاجر رہنما زبیر موتی والا، جاوید بلوانی، تاجروں، صنعتکاروں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
