کراچی: منشیات کیس میں ملزمہ انمول پنکی کا بھائی اشتہاری قرار، شریک ملزمہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

کراچی: انسداد منشیات عدالت نے ملزمہ انمول پنکی کے بھائی کو اشتہاری قرار دے دیا، ملزمہ کا بھائی محمد ناصر ضمانت حاصل کرنے کے بعد مفرور ہوگیا تھا۔

کراچی کی انسدادِ منشیات عدالت میں منشیات کا نیٹ ورک چلانے کی ملزمہ انمول عرف پنکی، اس کے بھائی محمد ناصر اور شریک ملزمہ نسیم بی بی کے خلاف درج کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران جیل حکام کی جانب سے ملزمہ انمول عرف پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ملزمہ کے بھائی ناصر کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

ملزمہ کا بھائی محمد ناصر ضمانت حاصل کرنے کے بعد سے مفرور تھا۔ عدالت نے اس کی مسلسل عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے زیرِ دفعہ 87 اور 88 کے تحت اشتہاری قرار دینے کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے شریک ملزمہ نسیم بی بی کی عدم حاضری پر بھی شدید برہمی ظاہر کی اور اس کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا ہے کہ ملزمہ نسیم بی بی کو جلد از جلد گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان انمول عرف پنکی، اس کے بھائی محمد ناصر اور نسیم بی بی کے خلاف منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے اور ان تمام ملزمان کے خلاف سال 2019 میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت اکتوبر کے دوسرے ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*