
کراچی: منشیات بر آمدگی کیس میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو 4 گواہوں نے شناخت کرلیا اور بتایا ملزمہ کا منشیات کا بڑ انیٹ ورک ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں منشیات کیس کی سماعت کے دوران ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں مقدمے کے 4 گواہوں نے ملزمہ کی باقاعدہ شناخت کر لی۔
سماعت کے دوران ملزمہ انمول عرف پنکی کو جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔
گواہوں نے اپنے بیانات میں عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کو گارڈن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا اور اس کا منشیات سپلائی کرنے کا ایک بڑا اور منظم نیٹ ورک ہے۔
شناخت کرنے والے گواہوں میں سی ٹی ڈی سے تعلق رکھنے والے تفتیشی افسر منصور، لیڈی کانسٹیبل سونیا اشرف، سب انسپکٹر عبدالستار اور اے ایس آئی اورنگزیب شامل ہیں۔
پبلک پراسیکیوٹر شکیل عباسی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ملزمہ کی شناخت کا عمل مکمل کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمہ کا کال ڈیٹا ریکارڈ واضح طور پر ثابت کرتا ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھی۔
عدالت نے کیس کی تفصیلی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔
