
کراچی(18 اپریل 2026): معمار موڑ کے قریب چھالیہ اسمگلرز کی گاڑی کی زد میں آ کر ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی نان کسٹم پیڈ نکلی ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے گاڑی پر ‘سی ایچ آر’ کی جعلی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق مذکورہ نمبر پلیٹ نور الدین نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور گاڑی کا ماڈل 2017 ہے۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ کار سواروں نے پولیس اہلکار کو ٹکر ماری اور فرار ہوگئے جس کے بعد اہلکار شہید ہوگیا، اہلکار کی شناخت عبدالمنان کے نام سے ہوئی جو سائٹ سپرہائی وے تھانے میں کانسٹیبل تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کی بھی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ یہ جعلی نمبر پلیٹ اصل میں کس گاڑی کی ہے اور اسے اسمگلنگ کے لیے کیسے حاصل کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات اور فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
