
کراچی(کرائم رپورٹر)سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی، کالعدم تنظیم کے تین مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیاگیا، تفصیلات کے مطابقکراچی میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشتگرد تنظیم “فتنت الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان تربیت یافتہ ہیں اور انہیں اسلحہ سمیت حراست میں لیا گیا۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان بلوچستان سے آنے والے دہشتگردوں کو کراچی میں پناہ دیتے تھے، ان کے لیے مطلوبہ ٹارگٹس کی نشاندہی کرتے اور معلومات فراہم کرنے کے ساتھ اپنی موٹر سائیکلیں بھی استعمال کے لیے دیتے تھے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم رحمان عرف کنگ، جعفر ایکسپریس حملے میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد ظفر کا قریبی ساتھی ہے۔ مزید یہ کہ ملزمان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام اور فیس بک پر پاکستان مخالف غیر ملکی (خصوصاً بھارتی) نشریاتی اداروں کے مواد کی تشہیر میں بھی ملوث رہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان تنظیمی احکامات پر بلوچستان سے اسلحہ کراچی منتقل کرنے میں بھی سرگرم تھے۔ گرفتار افراد میں میاداد بلوچ، محمد عمران، علی محمد اور رحمان عرف کنگ شامل ہیں، جن کا تعلق بلوچستان سے بتایا جاتا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تین چھوٹے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں اور ان کے خلاف تین مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔مزید برآں، ملزمان کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور ممکنہ ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی مشترکہ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کر رہی ہے۔

