کراچی: سندھ میں رینجرز کی تعیناتی میں ایک سال کی توسیع کی قرارداد آج اسمبلی میں پیش ہوگی

کراچی(کرائم رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید ایک سال کی توسیع کی قرارداد سندھ اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔قرارداد کے متن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز کی تعیناتی 20 جولائی 2026 سے 19 جولائی 2027 تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ رینجرز کو سول انتظامیہ کی معاونت اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مزید ایک سال تعینات رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رینجرز کی کارروائیوں کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائم میں کمی آئی، جبکہ پولیس کے ساتھ مل کر انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے جانے والے آپریشنز میں بھی رینجرز نے اہم کردار ادا کیا۔قرارداد کے مطابق کالعدم تنظیموں کی سرگرمیاں اور مفرور ملزمان اب بھی سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کی موجودگی ضروری ہے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پر بحث کے بعد اس کی منظوری یا مسترد کیے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*