
کراچی(یکم اگست 2026): سرسید پولیس نے نارتھ کراچی میں فیملی سے موٹر سائیکل چھیننے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
سرسید پولیس نے نارتھ کراچی میں فیملی سے موٹر سائیکل چھیننے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، اے آر وائی نیوز نے گرفتار دونوں ملزمان کے ویڈیو بیانات حاصل کر لیے ہیں، جن میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں قاسم اور ارسلان عرف منا شامل ہیں۔ ملزم ارسلان نے انکشاف کیا کہ وہ سیکٹر فائیو ڈی کا رہائشی ہے اور اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر یوپی پر واردات کی، جہاں نارتھ کراچی میں ایک فیملی سے موٹر سائیکل چھینی گئی۔
ملزم ارسلان نے کہا کہ اس گروہ کا سربراہ فیضان ہے جبکہ دیگر ساتھیوں میں قاسم اور علی شامل ہیں۔ ارسلان کا کہنا تھا کہ وہ چوری شدہ موٹر سائیکلیں چانڈیو چوک پر جا کر دیتے ہیں جہاں فیضان ان موٹر سائیکلوں کو آگے لے کر جاتا ہے، اور اڈے پر بیٹھ کر آئس پینے کے ساتھ 2 سے 4 ہزار روپے بھی مل جاتے ہیں۔
دوسری جانب گرفتار ملزم قاسم نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کا تعلق بابا موڑ سے ہے اور وہ واقعے سے صرف 13 روز قبل ہزارہ سے کراچی آیا تھا، جبکہ 14 ویں روز اس نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر موٹر سائیکل چھین لی۔
قاسم کے مطابق انہوں نے یوپی موڑ سے پاور ہاؤس تک جا کر 3 موبائل فون بھی چھینے، اور جب وہ گیارہ جے پر بیٹھ کر مال کی تقسیم کر رہے تھے تو پولیس نے انہیں دبوچ لیا۔
ملزم قاسم نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ اس سے پہلے 8 سے 9 مقدمات میں جیل جا چکا ہے اور آخری مرتبہ تفتیشی افسر کی وجہ سے دو سال تک اس کی ضمانت نہیں ہو سکی تھی۔
