
کراچی(کرائم رپورٹر) سرجانی میں ماں اور تین بچوں کے لرزہ خیز قتل کا معاملہ، 8 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی، تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں سمیت چار افراد کے لرزہ خیز قتل کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے 8 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کریں گے، جبکہ ٹیم میں ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سرجانی سمیت دیگر افسران شامل ہیں۔ڈی آئی جی ویسٹ نے تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکنیکل بنیادوں پر تحقیقات کرتے ہوئے کیس کو فوری حل کیا جائے۔دوسری جانب ماں اور تین بچوں کے قتل کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ طارق کے مطابق جاں بحق افراد کے سروں پر متعدد شدید نوعیت کی چوٹیں پائی گئیں، جبکہ سر پر شدید ضربوں کے باعث دماغی ٹشوز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔پولیس سرجن کے مطابق واقعے میں شدید زخمی ہونے والی کمسن اشمیرہ دورانِ علاج جناح اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔ڈاکٹر سمیہ طارق کے مطابق لاشوں سے مختلف نمونے حاصل کرکے کیمیکل ایگزامینیشن کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ مقتولین کو کوئی نشہ آور چیز دی گئی تھی یا نہیں، اس حوالے سے حتمی صورتحال کیمیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوگی۔

