کراچی: بولٹن مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 18 افراد گرفتار اور مقدمات درج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی کی ہدایت پر شہر کی قدیم اور مصروف ترین تجارتی مراکز میں شامل بولٹن مارکیٹ میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے دوران تجاوزات میں ملوث 18 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار کے مطابق بولٹن مارکیٹ میں تجاوزات مافیا نے طویل عرصے سے اپنا تسلط قائم کر رکھا تھا، جس کے باعث نہ صرف شہریوں کا پیدل چلنا دشوار ہوگیا تھا بلکہ فٹ پاتھ بھی تجاوزات کی نذر ہوچکے تھے۔انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مارکیٹ میں قائم تمام غیر قانونی قبضے ختم کرا دیے گئے ہیں، جبکہ تجاوزات میں ملوث 18 افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔حاظم بھنگوار کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے باعث شہر کے اہم تجارتی علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوتی ہے اور سڑکوں و فٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بولٹن مارکیٹ میں کارروائی کا مقصد شہریوں کی آمدورفت بحال کرنے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ نے واضح کیا کہ کسی بھی مارکیٹ میں غیر قانونی قبضہ یا تجاوزات مافیا کا تسلط برداشت نہیں کیا جائے گا اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*