
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی کی ہدایت پر شہر میں کمرشل عمارتوں کے فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کا سلسلہ تیز کردیا گیا، جس کے دوران آئی آئی چندیگر روڈ پر حفاظتی انتظامات ناقص ہونے پر دو کمرشل عمارتیں سیل کردی گئیں۔انتظامیہ کے مطابق آرام باغ کے علاقے میں واقع لاکھانی سینٹر اور اعظم چیمبر کا معائنہ کیا گیا، جہاں فائر سیفٹی سے متعلق مطلوبہ انتظامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری سہولیات ناکافی پائی گئیں۔ کارروائی کے دوران ایک سات منزلہ کمرشل عمارت کو بھی فائر سیفٹی انتظامات کی عدم موجودگی پر سربمہر کردیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار نے بتایا کہ عمارت مالکان اور متعلقہ یونینز کو فائر سیفٹی کے تمام تقاضے فوری مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضوابط پر عملدرآمد میں غفلت یا مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں مزید سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ نے کراچی بھر میں فائر سیفٹی معائنوں کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت کمرشل عمارتوں میں فائر فائٹنگ آلات، ہنگامی راستوں اور محفوظ انخلا کے انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا جائے گا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فائر سیفٹی قوانین پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور حفاظتی تقاضے پورے نہ کرنے والی عمارتوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
