پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن ’قاتلانہ‘ حملے میں زخمی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات (ترجمان) رؤف حسن پر اسلام آباد میں حملہ ہوا ہے، جسے پولیس اور پی ٹی آئی چیئرمین نے قاتلانہ حملہ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رؤف حسن پر ستارہ مارکیٹ میں خواجہ سراؤں نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ حملے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان کا چہرہ زخمی ہوا جس پر انہیں طبی امداد کے لیے پی اے ایف اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان رئوف حسن نجی چینل کے دفتر میں پروگرام  ریکارڈنگ کروا کر باہر آئے تو کالے رنگ کی مہران گاڑی میں سوار چار خواجہ سرا ان پر حملہ آور ہوئے اور تیز دھاڑ بلیڈ سے رؤف حسن کے منہ پر وار کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق رؤف حسن کے گال پر پانچ انچ لمبا گہرا کٹ پڑا ہے، ڈاکٹر نے زخم کو بھرنے کے لیے ٹانکے لگا دیے۔

اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رؤف حسن کی زندگی پر اٹیک ہوا، ایک روز قبل بھی اُن کا پیچھا کیا گیا تھا تاہم وہ بچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک بندے نے بلیڈ مارا جبکہ دوسرا ریکارڈنگ کرتا رہا، رؤف حسن پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر ہیں، کوشش کی جارہی ہے کہ ایسے واقعات ہوں جس سے ملک کا امن خراب ہو، ہم سمجھتے ہیں جس طرح سے لیڈرشپ کو زدو کوب کیا جاتا تھا، لگتا ہے وہ سلسلہ ختم نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مکمل انوسٹیگیشن ہو اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے نظریے کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*