پی ٹی آئی پر کسی کا باپ بھی پابندی نہیں لگا سکتا، علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر کسی کا باپ بھی پابندی نہیں لگا سکتا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سپریم کمانڈ پوسٹ کوہاٹی گیٹ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

علی امین گنڈاپور کے ہمراہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی، کمشنر پشاور اور سی سی پی او پشاور بھی موجود تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ لوگ خود مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھے ہوئے ہیں اور اس سیاسی جماعت پر پاپندی لگانے کی بات کر رہے ہیں، جس نے سب سے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبے کو دہشت گردی کا سب سے بڑا درپیش چیلنج ہے، فوج اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام امن و امان سے گزر رہا ہے، تمام محکمے مل کر کام کر رہے ہیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول پوسٹ تمام اضلاع میں قائم کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے یہ بھی کہا کہ ہماری فوج، پولیس اور عوام کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں، سی ٹی ڈی اور پولیس کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر کسی کا باپ بھی پاپندی نہیں لگا سکتا ، مینڈیٹ چور سب سے زیادہ ووٹ لینے والی پارٹی پر پابندی لگانے کی بات کررہے ہیں۔ وفاق سے ہمارا بنیادی حق نہیں دیا جارہا ہے، ان سے معیشت، ڈالر اور پیٹرول کی قیمتیں تک کنٹرول نہیں ہورہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے ہمارے موقف کی جیت ہوئی، سپریم کورٹ کا شکریہ کہ آئین کے مطابق فیصلہ دیا، اب چیف الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دینا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایڈہاک ججز کی تعیناتی کے حق میں نہیں، اسمبلی میں اس پر بات کریں گے، ایڈہاک ججز لینے کے بجائے میرٹ پر ججز کی تقرری ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی فیصلہ کریں گے، فارم 47 پر وزیراعظم آیا ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ اب بھی زیادتی ہورہی ہے۔ ہمارا نشان لیا گیا، ہم پر جعلی ایف آئی آر درج ہوئیں، سیاسی جماعتیں ایک بیان دے کر مقبولیت لینا چاہتی ہیں، وہ ایک موقف کے ساتھ کھل کر سامنے آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی لاسسز پر کنٹرول ہوا ہے، ڈیڑھ سال سے بند فیڈرز بحال ہوئے ہیں اور لوڈ شیڈنگ کم ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایک لاکھ لوگوں کو سولرپینل دیں گے، بعض لوگوں کو فری جبکہ بعض کو اقساط پر سولر پینل دیں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*