حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے مزید استعفے منظور کیے جانے کا عندیہ، تحریک انصاف قیادت کی ارکان قومی اسمبلی کو اسلام آباد پہنچننے کی ہدایت
پی ٹی آئی کے باقی ارکان کے اسمبلی میں واپس جانے کے تناظر میں حکومت نے مزید استعفے منظور کرنے کا منصوبہ بنایا ہے،تحریک انصاف کے اراکین کی آمدکی اطلاع پر اسپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا
تحریک انصاف 35 استعفوں کی منظوری کے بعد باقی بچ جانے والے ارکان کی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ٹکٹیں بھی بک کروا لی گئی تھیں، تازہ پیشرفت کے بعد اہم اجلاس آج یا کل متوقع
پی ٹی آئی کی جانب سے قائد حزب اختلاف، پارلیمانی لیڈر اور پی اے سی کے سربراہان کے نام شارٹ لسٹ،پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کرلیا جائےگا،اسد عمر کو اہم ذمے داری سونپ دی گئی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان پارلیمانی جنگ تیز ہو گئی، اس سلسلے میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے مزید استعفے بھی منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی دونوں جانب سے تند و تیز سیاسی بیانات کے دوران پارلیمانی میدان میں بھی جنگ شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ایک طرف پی ٹی آئی کی پارلیمانی نے ارکان قومی اسمبلی کو کل اسلام آباد پہنچنے کے احکامات جاری کردیے تو دوسری جانب سے مزید استعفے منظور کیے جانے پر غور کا عندیہ سامنے آ گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کو کل اسلام آباد پہنچنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جب کہ اس فیصلے کے پیش نظر اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس کل کے بجائے جمعہ 27 جنوری تک (ایک ہفتے کے لیے) ملتوی کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے 35 استعفوں کی منظوری کے بعد باقی بچ جانے والے ارکان کی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ٹکٹیں بھی بک کروا لی گئی تھیں۔تازہ پیش رفت کے بعد پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین اجلاس اب جمعہ یا ہفتے کو طلب ہونے کا قوی امکان ہے، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان میں سے پارلیمانی لیڈر کے انتخاب، چیف وہپ سمیت دیگر عہدوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی جلد ہی قائد حزب اختلاف کا عہدہ لینے کے لیے باضابطہ درخواست دے گی۔ اس سلسلے میں اسد عمر کو بڑی ذمے داری سونپ دی گئی ہے۔دوسری جانب اسپیکر آفس میں پی ٹی آئی کے دیگر ارکان کے استعفے منظور کرنے کے آپشن پر بھی غور شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے باقی ارکان کے اسمبلی میں واپس جانے کے تناظر میں حکومت نے مزید استعفے منظور کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ا±دھر پی ٹی آئی کی جانب سے قائد حزب اختلاف، پارلیمانی لیڈر اور پی اے سی کے سربراہان کے نام شارٹ لسٹ کرلیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فخر امام، ریاض فتیانہ اور منزہ حسن کے ناموں پر حتمی غور کیا جا رہا ہے، تاہم اپوزیشن لیڈر، پارلیمانی لیڈر اور چیف وہپ کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔