
اسلام آباد : حکومت نے پیٹرول سبسڈی کے لیے ایپ تیار کرلی ، جس کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول کا کوٹہ تجویز کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں جاری توانائی کے بحران اور مہنگائی کے پیشِ نظر کم آمدنی والے شہریوں، خصوصاً موٹر سائیکل اور رکشہ کے مالکان کو پیٹرول پر سبسڈی دینے کا حتمی پلان تیار کر لیا ہے۔
حکومتی ہدایات پر وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پیٹرول کی شفاف تقسیم کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ تیار کی ہے جو اس وقت آزمائشی مراحل میں ہے۔
اس پروگرام کے تحت ملک بھر کے 12 ہزار پیٹرول پمپس کو موبائل ڈیوائسز فراہم کی جائیں گی اور وہاں سبسڈی کے لیے مخصوص نوزلیں لگائی جائیں گی تاکہ حق داروں تک سستا پیٹرول پہنچنا یقینی بنایا جا سکے۔
شہریوں کو ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنا شناختی کارڈ نمبر اور گاڑی کا رجسٹریشن نمبر درج کرنا ہوگا، اس سلسلے میں موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول کا کوٹہ تجویز کیا گیا ہے۔
سسٹم خودکار طریقے سے صارف کی ضرورت اور ایندھن کی دستیابی کی بنیاد پر پیٹرول کا کوٹہ الاٹ کرے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اضافے کا بوجھ بڑے صارفین پر ڈالا جائے گا جبکہ غریب طبقے کو اس ایپ کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
حکام نے مزید بتایا کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو اس اسکیم میں شامل کرنے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
