پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ؛ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان

کراچی: (اسٹاف رپورٹر)
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے تباہ کن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز اس اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ملک شہزاد اعوان کے مطابق بڑھتی ہوئی لاگت کے پیشِ نظر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری طور پر 5 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، کیونکہ موجودہ حالات میں کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے اور ٹریفک پولیس کے چالان ختم کیے جائیں تاکہ ٹرانسپورٹرز کو کچھ ریلیف مل سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ہزاروں ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود اس شعبے کو کسی قسم کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرک اور ٹریلرز کے لیے دی جانے والی 80 ہزار روپے سبسڈی نہایت ناکافی ہے۔ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ایک ٹریلر کے ایک چکر پر تقریباً 2 لاکھ روپے اضافی خرچ آ رہا ہے، جبکہ ماہانہ چار ٹرپس کی صورت میں یہ اضافہ 8 لاکھ روپے تک پہنچ جاتا ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال نے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کاروبار کو متاثر کیا ہے بلکہ ملک میں مہنگائی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی مفاد میں نقصان برداشت کرتے ہوئے گاڑیاں چلا رہے ہیں، تاہم جنگی حالات اور معاشی دباؤ نے اس شعبے کو مزید کمزور کر دیا ہے۔ آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وفاقی حکومت نے فوری طور پر اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو ملک میں ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر متاثر ہو سکتا ہے

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*