پشاور میں اسکول کی عمارت کی چھت گرنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

پشاور: اسکول کی عمارت کی چھت گرنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی تاہم عمارت گرنے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں اسکول کی عمارت کی چھت گرنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ کمشنر کو ارسال کردی گئی۔

ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی مشاہدات میں اسکول کی عمارت کا ساختی ڈھانچہ کمزور پایا گیا، تاہم عمارت گرنے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

رپورٹ میں کہنا تھا کہ صبح 8 بج کر 48 منٹ پر ریسکیو کنٹرول روم کو اسکول کی چھت گرنے کی پہلی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو کی ابتدائی ٹیم 7 منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ڈپٹی کمشنر پشاور، ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔

امدادی کارروائیوں میں 18 ایمبولینسوں، 2 ڈیزاسٹر رسپانس گاڑیوں اور 100 سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق اسکول کی عمارت تین منزلوں پر مشتمل تھی اور گنجان آباد علاقے میں واقع تھی ، عمارت گارڈرز اور اینٹوں کے ڈھانچے سے تعمیر کی گئی تھی۔

پہلی منزل کے کلاس روم کا ڈھانچہ منہدم ہوکر گراؤنڈ فلور کے کلاس روم پر آگرا، جہاں دونوں منزلوں کے کلاس رومز میں طلبہ موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق ملبے تلے پھنسے طلبہ کو نکالنے کے لیے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال اور نصیراللہ بابر اسپتال منتقل کیا گیا۔

دونوں اسپتالوں کے اعداد و شمار کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 89 مریض لائے گئے، جن میں سے 34 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ 52 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمارت گرنے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تکنیکی تحقیقات کی جائیں گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*