پشاور: جامع مسجد کوچہ رسالدار میں ہونے والے خود کش حملے میں 2 پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے۔
جامع مسجد کوچہ رسالدار خودکش حملے میں شہادت پانے والوں میں پولیس کانسٹیبل جمیل احمد بھی شامل ہے جس کی شہادت سے چند روز قبل اس کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
جمیل احمد کا ایک سال کا کمسن بیٹا ہے جب کہ اس کو بیٹی کی بھی خواہش تھی جو قدرت نے اس کی شہادت کے چند روز پہلے پوری کردی تھی۔جمیل احمد کے والدین کا کہنا ہے کہ انہیں شہید ہونے والے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے ۔
دوسری جانب ساتھی پولیس اہلکار بھی شہید جمیل احمد کو یاد کرتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ جمیل احمد محنتی تھا اور ملک و قوم کے لیے کچھ کرنے کی جستجو میں رہتا تھا۔
حملے کے وقت مسجد کی سکیورٹی پر مامور جمیل احمد اور اس کا ساتھی اہلکارخود کش حملہ آور کی فائرنگ کا نشانہ بنے تھے۔
خیال رہے کہ پشاور کی جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 62 افراد شہید اور 200 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔