پاک-قطر مشترکہ فضائی مشق "زلزال II” کا قطر میں آغاز



زلزال-ll کا شمار دنیا کی پیچیدہ ترین مشترکہ فضائی مشقوں میں ہوتاہے

جے- 10 سی لڑاکا طیارے بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے



کراچی(رپورٹ: کامران شیخ)

قطر میں منعقدہ مشترکہ فضائی مشق زلزال-II میں پاک فضائیہ اور قطر امیری فضائیہ حصہ لے رہی ہیں۔ سنہ 2020ء میں شروع ہونے والی فضائی مشق زلزال-II قطر کی میزبانی میں منعقدہ دوسری فضائی مشق ہے۔ زلزال-II کا شمار دنیا کی پیچیدہ ترین مشترکہ فضائی مشقوں میں ہوتا ہے جسکے تحت دونوں اتحادی ممالک کے مابین مشترکہ تربیت اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے گا۔ یہ مشق حقیقت پسندانہ فضائی جنگی منظر نامے کی عکاسی کرتے ہوئے شریک فضائی افواج کو اپنی آپریشنل تیاریوں کو حقیقی بنیادوں پر جانچنے کا موقع فراہم کرے گی۔ فضائی مشق زلزال-II کا مقصد مشترکہ منصوبہ بندی کے طریقہ کار کو عصر حاضر کے عسکری تقاضوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے مزید بہتر بنانا ہے۔ اس مشق کو دونوں برادر ممالک کے مابین موجودہ دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں بھی تاریخی اہمیت حاصل ہے۔

مشق کے دوران پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والے نئے اور جدید ترین جے-10سی لڑاکا طیارے پہلی بار ایک فضائی مشق میں قطر امیری فضائیہ کے یورو فائٹر طیاروں کے مد مقابل اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ پاک فضائیہ کی جانب سے قلیل مدت میں اپنے لڑاکا فضائی بیڑے میں جے-10 سی لڑاکا طیاروں کی شمولیت، انکی آپریشنلائیزیشن اور ایک اور بین الاقوامی فضائی مشق میں انکی غیر معمولی شرکت ایک قابل ذکر کامیابی ہے۔ یہ سنگ میل سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کی جانب سے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے حاصل کیا گیا ہے جسکی بنیاد دوست ممالک سے جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور خود انحصاری کے فروغ جیسے تصورات پر قائم ہے۔ فضائی مشقوں میں ان لڑاکا طیاروں کی شرکت پاک فضائیہ کے تکنیکی طور پر ترقی یافتہ اور ایک مستحکم فضائیہ کی جانب سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان جدید لڑاکا طیاروں کا بروقت حصول اور آپریشنلائیزیشن پاک فضائیہ کی جانب سے اپنی جدید ترین فضائی قوت کو برقرار رکھنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے جسکے زریعے پاک فضائیہ کو ایک ایسی فضائی قوت بنایا جا سکے گا جو ہمہ وقت تغیر پذیر چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور انتہائی مہارت کے ساتھ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہو۔

زلزال-II پاک فضائیہ اور قطر امیری فضائیہ کے مابین وسیع تر باہمی فہم، تعاون اور دوستی کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گی تاکہ دونوں فضائی افواج علاقائی استحکام اور سلامتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے دفاع، بین الاقوامی اتحاد کو تقویت دینے اور باہمی تعاون کے ذریعے پیام امن کے فروغ کا اپنا مشن جاری رکھے ہوئے ہے

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*