کراچی: (رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رضوان خانزادہ نے اسرائیلی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ایک منظم اور گھناؤنی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ اصل میں اسرائیلی ایجنٹ کون ہیں، اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی پر جھوٹے الزامات عائد کرنے والے خود غیر ملکی ایجنٹوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔
رضوان خانزادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ "عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر انگلیاں اٹھانے والے عناصر کی حقیقت پوری قوم کے سامنے ہے۔ عمران خان وہ لیڈر ہیں جنہیں نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ دنیا بھر کے مسلمان اپنا قائد تسلیم کر چکے ہیں۔ ایسے جھوٹے پروپیگنڈے اور من گھڑت خبریں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی میڈیا میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد خبریں چھپوا کر عوام میں بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن یہ سازشیں ناکام ہوں گی کیونکہ پاکستانی عوام جانتی ہے کہ ان خبروں کا کوئی حقیقت سے تعلق نہیں ہے۔
رضوان خانزادہ نے واضح کیا کہ یہ خبر ایک عالمی سازش کا حصہ ہے، جس کا مقصد عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کو بدنام کرنا ہے تاکہ ملک کے اندر اور باہر ان کی مقبولیت کو نقصان پہنچایا جا سکے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستانی عوام، چاہے وہ ملک میں ہوں یا بیرون ملک، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس طرح کی سازشیں انہیں ان کے مقصد سے ہٹا نہیں سکتیں۔
پاکستانی عوام عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور ایسے عناصر کی گھناؤنی سازشوں کو بخوبی سمجھتی ہے۔