
اسلام آباد(22 ستمبر 2026): پاکستان ریلویز پولیس نے ٹکٹ چیکنگ کے نظام میں تبدیلی کے حوالے سے میڈیا پر زیرِ گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے باضابطہ وضاحت جاری کر دی ہے۔
ترجمان ریلویز پولیس کا کہنا ہے کہ ٹکٹ چیکنگ کے نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور نہ ہی ریلویز پولیس بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف کوئی ازخود یا یکطرفہ کارروائی کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں ریلوے پولیس کی طرف سے ایک باقاعدہ ایس او پی (معیاری ضابطہ کار) جاری کی گئی ہے، جس کے تحت ریلویز پولیس کمرشل برانچ، ٹی ٹی ای عملے، ٹکٹ چیکرز اور اسٹیشن ماسٹرز کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر فرائض انجام دے رہی ہے۔
بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام اور ریلوے کی آمدنی کے تحفظ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو اسٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ضرورت پڑنے پر دورانِ سفر بھی کمرشل عملے کے ساتھ مل کر مشترکہ اور سرپرائز چیکنگ کر رہی ہیں۔ جن اسٹیشنز اور ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کی زیادہ شکایات موصول ہوتی ہیں، وہاں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ اس پوری کارروائی کا باقاعدہ ریکارڈ بھی مرتب کیا جا رہا ہے۔
ریلویز پولیس نے واضح کیا ہے کہ ڈویژنل ایس آر پیز نے آئی جی ریلویز پولیس کو بریفنگ دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ کہیں بھی ریلوے پولیس اکیلے یا خود سے چیکنگ نہیں کر رہی۔
اس کے علاوہ اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ چیکنگ کے دوران مسافروں کے ساتھ شائستہ، پیشہ ورانہ اور غیر جانبدارانہ رویہ اختیار کیا جائے۔
ریلویز پولیس نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی ہراسانی، غیر قانونی حراست، بدسلوکی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ ڈیوٹی میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
