وزیراعظم کا سولر پینل اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 120 ارب روپے کے سولر پینل اوور اِنوائسنگ اور منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ اس اقدام کو مالی بدعنوانی اور ادارہ جاتی غفلت کے خلاف حکومت کے سخت مؤقف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ایف بی آر کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ 2017 سے 2022 تک جاری رہنے والا یہ فراڈ کئی اداروں کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس معاملے میں ملوث افسران اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بلا تاخیر قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم آفس نے احتساب کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے دو خصوصی کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، جو تحقیقات، محکمانہ کارروائی اور پراسیکیوشن کے عمل کی نگرانی کریں گی۔ اس کے ساتھ کراچی اور اسلام آباد میں خصوصی پراسیکیوٹرز تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مقدمات کو مؤثر انداز میں منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

تحقیقات کے مطابق فرضی کمپنیوں کے ذریعے سولر پینلز کی درآمدی قیمتیں مصنوعی طور پر بڑھا کر تقریباً 120 ارب روپے بیرون ملک منتقل کیے گئے۔ کسٹمز حکام پہلے ہی اس کیس میں 111 ارب روپے سے زائد جرمانے عائد کر چکے ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اب اگلے مرحلے میں جرمانوں کی وصولی، غیر قانونی اثاثوں کی ضبطگی اور مالیاتی نگرانی کے نظام میں مزید اصلاحات پر توجہ دی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے مالی جرائم کو روکا جا سکے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*